ہمارا ڈومیسٹک نظام برا نہیں، مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے: محسن نقوی

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارا ڈومیسٹک نظام برا نہیں ہے، ہم ہر طریقے سے اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کریں گے۔

لاہور میں بورڈ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک سسٹم کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے، ڈومیسٹک سٹرکچر میں زیادہ تبدیلی کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز کپ کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس کیلئے 5 ٹیمیں بنائی جائیں گی، ہر ٹیم میں 30 کھلاڑی شامل ہوں گے، ٹورنامنٹ تینوں فارمیٹس پر مشتمل ہو گا، وقار یونس پانچوں ٹیموں کے سی ای اوز کی سربراہی کریں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 30 لڑکوں کو پالش کرنے کی ذمہ داری ٹیم کے سی ای او کی ہو گی، چیمپئنز کپ میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے، وقار یونس کھلاڑیوں کو پالش کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کپ میں 150 کھلاڑیوں کا پول ہو گا، ٹیم میں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، ویمن کرکٹ کی بہتری کیلئے بھی لوگوں کو لا رہے ہیں۔

پسند نا پسند والے معاملے کو درست کرنا ہوگا:وقار یونس
نئے تعینات ہونیوالے ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی وقار یونس نے کہا کہ کرکٹ کے حالات ہمارے سامنے ہیں، چیزیں بہتر کرنی ہیں، کرکٹ کو نہیں نکھاریں گے تو یہ مزید نیچے چلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ کی تجویز بہت اچھی ہے، امید ہے یہ کام کرے گی، چیئرمین پی سی بی کا نظریہ بہت پسند آیا، کھیل کا طریقہ بہتر ہونے تک بات آگے نہیں بڑھے گی۔

وقار یونس نے مزید کہا کہ پسند نا پسند والے معاملے کو درست کرنا ہو گا، پسند نا پسند ہماری تاریخ کا حصہ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں