بنگلادیش سے شکست پر کپتان شان مسعود نے اپنی غلطیاں تسلیم کرلیں

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ مایوسی پورے پاکستان کو ہوئی ہے اور ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، ٹیم کے مورال کے لیے دوبارہ بیٹھیں گے۔

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یقیناً مایوس کن کارکردگی ہے لیکن گر کر اٹھنا ہے، ان شاء اللہ ایک دوسرے کو اٹھا کر پاکستان کو اچھے نتائج دیں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کی حیثیت سے پانچویں دن غلطیاں کیں، وکٹ چار دن تک ٹھیک ہی رہی لیکن باؤلنگ میں ہم نے کچھ کمزوری دکھائی، صرف ایک چیز کو وجہ قرار نہیں دے سکتے بلکہ موسم وغیرہ اور دیگر عوامل بھی اثر انداز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ رقم،بنگلا دیش نے پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں شکست دیدی

انہوں نے کہا کہ صرف پانچویں دن پر بات نہیں کروں گا بلکہ چاروں دن کی صورتحال کو مدنظر رکھنا چاہیے، بنگلا دیش کو پانچویں روز اسپنر سے مدد ملی، ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں جیسے 200 رنز کی لیڈ تھی لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

شان مسعود نے کہا کہ میچ میں کچھ موومنٹ ہوتے ہیں جیسے باؤلنگ میں نئی بال کا تھا وہاں کوشش تھی پرفارم ہو، بعض موقعوں پر بنگلا دیش نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کبھی ڈرا کی طرف نہیں سوچا، جو غلطیاں ہوئیں ہیں اب ان کو سدھارنے کا وقت ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں