بمرا نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی۔

آئی سی سی کی جانب سے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کی گئی جس میں جسپریت بمرا نے اپنے ملک کیلئے نیا ریکارڈ بنا دیا۔

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بمرا نہ صرف باؤلرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہے بلکہ کسی بھی بھارتی باؤلر کے لیے اب تک کے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں اب تک 4 ٹیسٹ میچز میں بمرا 30 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے ہیں۔

بارڈرگواسکر ٹرافی میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں بمرا کے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ گئے ہیں اور انہوں نے اب 907 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں جو کہ کسی بھی بھارتی باؤلر کے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

اس سے قبل حال ہی میں ریٹائر ہونے والے سپنر روی چندرن ایشون نے 2016 میں آئی سی سی رینکنگ میں 904 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے ریکارڈ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ جسپریت بمرا کو سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں