داماد کی چھت پر سوئے سسرالیوں پرفائرنگ، 2 افراد جاں بحق

گوجرانوالہ: (دنیانیوز) جمیل پورہ میں داماد کی جانب سےچھت پرسوئے سسرالیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کےمطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں گھریلو جھگڑے پر ملزم معظم نے پہلے اپنی بیوی مسرت بی بی کو قتل کیا اور پھر سیڑھی لگا کر سسرالیوں کی چھت پر چڑھ گیا اور چھت پر سوئے خاندان پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم کا سالا (برادرنسبتی )  ولایت دم توڑگیا۔

ملزم کی فائرنگ سے چھت پر سوئے ساس ، سالی اور سات سالہ بچی زخمی ہوئے، ریسکیو کےمطابق جاں بحق ہونے والوں کے سروں میں گولیاں ماری گئیں ، پولیس نے موقع پر پہنچ کرنعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

ریسکیو کے مطابق  جاں بحق ہونیوالوں میں 35سالہ ولایت اور 35سالہ مسرت بی بی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت 7سالہ حرم،80سالہ حنیفاں بی بی اور 30سالہ ثمینہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم معظم دوسری شادی کرنا چاہتا تھا ، بیوی اور سسرالیوں سے اکثر جھگڑا رہتا تھا ، آج جھگڑا ہوا تو معظم نے فائرنگ کر کے بیوی اور سالے کو قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں