کراچی: جعلی سفری دستاویزات پر سعودی عرب جانیوالا ملزم گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتا رکرلیا۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کےدوران جعلی سفری دستاویزات پر سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے ملزم احمدشکیل کو حراست میں لے لیا۔
ملزم عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جارہا تھا،امیگریشن پراسیس کے دوران ملزم کے پاسپورٹ میں موجود جنوبی افریقی ویزہ مشکوک پایا گیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ملزم کے پاسپورٹ پر ویزہ کی سکیورٹی خصوصیات ٹیمپرڈ تھیں، مشکوک معلوم ہونے پر کاؤنٹر آفیسر نے مزید جانچ پڑتال کے لیے سیکنڈ لائن آفس بھیجا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم 2017 میں پاکستان سے بیرون ملک گیا تھا اور 2024 میں واپس پاکستان پہنچا، جنوبی افریقہ میں ملزم نے ساکا نامی ایجنٹ سے 3 ہزار رینڈ کے عوض جنوبی افریقہ کا ورک پرمٹ حاصل کیا جو جعلی نکلا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔