اے این ایف کی کارروائیاں، 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد،5 ملزمان گرفتار
اسلام آباد: (دنیانیوز) اے این ایف کی جانب سے منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 76.9 کلو منشیات برآمدجبکہ افغان باشندے سمیت 5 ملزمان گرفتارکرلیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی میں تعلیمی ادارے میں کارروائی کے نتیجے میں نجی یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 1 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی، اسی طرح کوئٹہ میں ایک بڑے سرکاری تعلیمی ادارے کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے 20 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ، گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیاہے۔
ترجمان کے مطابق ایک اورکارروائی پاک افغان بارڈر طورخم کے قریب کی گئی جہاں افغان باشندے سے نشہ آور گولیوں میں استعمال ہونے والا 8 کلوگرام پاؤڈر برآمد کرلیا گیا، جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 10 کلو 700 گرام ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ لورالائی کے غیرآباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 30 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمدکرلی گئی ، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔