لاہور: زہریلی شراب فروخت کرنیوالے 222 ملزمان گرفتار، ہزاروں لٹر شراب برآمد

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے زہریلی شراب فروخت کرنے والے 222 ملزمان کو گرفتار کر کے ہزاروں لٹر شراب برآمد کرلی۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بتایا ہے کہ لاہور پولیس نے مشتبہ علاقوں میں چھاپے مار کر شراب بنانے والی متعدد بھٹیاں تباہ کردیں اور بڑی مقدار میں زہریلی شراب ضبط کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک 66 ہزار 505 لیٹر شراب برآمد کی جا چکی ہے، ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 3 ہزار 864 مقدمات درج کئے گئے، غیرقانونی شراب کے مکروہ دھندے میں ملوث 3 ہزار 966 افراد کو جیل بھجوایا گیا۔

فیصل کامران نے بتایا کہ کچی شراب میں استعمال ہونے والے زہریلے کیمیکلز اکثر جان لیوا ثابت ہوتے ہیں، کرسمس اور سال نو پر غیر قانونی اور زہریلی شراب کی ترسیل میں اضافہ ہوتا ہے، غیر قانونی شراب کی ترسیل روکنے کے لیے اضافی ناکے اور چیک پوائنٹس لگائے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے عوام سے اپیل کی کہ مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دے کر ہماری مدد کریں، عوام کا تعاون ہی معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں