ورلڈ کلچر فیسٹیول: 26 ویں روز کامیڈی تھیٹر پلے 'خوابوں کی نوٹنکی' پیش
کراچی: (ویب ڈیسک) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024 اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024 کے 26 ویں روز کامیڈی تھیٹر پلے ”خوابوں کی نوٹنکی“ پیش کیا گیا۔
کامیڈی تھیٹر پلے ”خوابوں کی نوٹنکی “ ڈرامہ Suppressed Desire کا ایڈاپٹڈ ورژن تھا جسے بابر جمال نے تحریر کیا جبکہ ہدایت کاری عظمیٰ سبین کی، ڈرامے میں زرقا ناز، اسامہ رانجھا اور علینا گلزار نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ڈرامے کا دوانیہ 60 منٹ تھا جس میں دکھایا گیا کہ اسد اور شیرین جو نفسیاتی تجزیے پر مختلف نظریات رکھتے ہیں، شیرین اپنے آس پاس کے لوگوں کی دبی خواہشات کی تشریح میں مگن ہو جاتی ہے۔
جیسے جیسے غلط فہمیاں بڑھتی ہیں شیرین کا نفسیاتی تجزیاتی جذبہ مزاحیہ کشیدگی پیدا کرتا ہے جس سے اسد کی بے چینی بڑھ جاتی ہے، ڈرامے میں اسد اور اس کی بہن ہما اپنی طرف توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔