لاہور: مزنگ ہسپتال میں 350 کورونا ویکسین ضائع، سروسز میں 550 غائب

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مزنگ ہسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کیلئے درآمد کی گئی ویکسین کی 350 خوراکیں ضائع ہو گئی ہیں۔

ویکسین ضائع ہونے پر انکوائری کے بعد ہسپتال کے ایم ایس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کو 2 سے 8 درجہ حرارت پر رکھنا تھا لیکن نہ رکھی گئیں۔

دوسری جانب سروسز ہسپتال میں بھی 550 کورونا کی خوراکیں مبینہ غائب ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تاہم سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سمز) کے پرنسپل ڈاکٹر امجد نے موقف اختیار کیا ہے کہ ویکسین غائب نہیں ہوئی بلکہ ریکارڈ مرتب کرنے کا مسئلہ آیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سروسز ہسپتال میں ویکسین کی بعض خوراکیں غائب اور مزنگ ہسپتال میں حفاظتی ٹیکے ضائع ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اس اہم معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے اور ویکسین کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کر کے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا ہے لپ ویکسین کا غائب یا خراب ہونا ناقابل برداشت واقعہ ہے۔ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی اور ریکارڈ کا آڈٹ کرکے رپورٹ جلد وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق نے کورونا ویکسین کی کمی نہ ہونے کی یقین دہانی کروا دی: عثمان بزدار

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کورونا ویکسین کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ پنجاب حکومت کورونا ویکسین کی خریداری کے لئے کیا کر سکتی ہے اس کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سائنو فارم اور کینسینو بائیو ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے بچاؤ کیلئے بنائی گئی ادویات سائنو فارم کی 5 لاکھ اور کینسینو بائیو ویکسین کی 60 ہزار خوراکوں کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔

نور خان ایئربیس پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی خوراکیں وصول کیں۔ اس موقع پر ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم چینی حکومت کے تہدل سے مشکور ہیں، اس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگیوں کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے عوام سے کیے وعدوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنوفارم کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچی ہیں، دوسری کھیپ بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں اب تک کورونا ویکسین کی 8 لاکھ ڈوز استعمال میں لائی جا چکی ہیں۔
 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں