آج عمران خان سیاست کے آخری 5 اوورز کرانے جارہے ہیں:شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج عمران خان سیاست کے آخری 5 اوورز کرانے جارہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نومبر میں آر یا پار ہوجائے گا، آج عمران خان لبرٹی چوک سے سیاست کے آخری 5 اوور کروانے جارہے ہیں، میں خود بھی لبرٹی چوک جاؤں گا، آئندہ جمعہ کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری دعا ہے کہ لانگ مارچ امن و امان آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقاصد حاصل کرے،غریب عوام اور پاکستان سنگین ترین بحران سے گزر رہا ہے، کمپنی کی مشہوری کے لیے شہباز شریف نومبر میں جتنے غیر ملکی دورے کرنے ہیں کر لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر مقبول بھکاریوں کو کوئی خیرات نہیں دےگا، اسلام آباد کے عوام نکل آئے تو کرپٹ ٹولے کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں