ٹی 20 ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا ایونٹ سے باہر ہونا دلچسپ کہانی

لاہور: (محمد احمد رضا) ٹی 20 ورلڈکپ میں ایک بار پھر تلخ حقیقت تاریخ کا حصہ بن گئی، میزبان ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو کر ٹائٹل جیتنے کی اہل نہ رہی، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا ایونٹ سےباہر ہونا دلچسپ کہانی ہے۔

کینگروز کے دیس آٹھویں ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 کے گروپ ون میں میزبان کینگروز نے افغانستان، آئرلینڈ اور سری لنکا کو شکست دی۔ روایتی حریف انگلینڈ کے خلاف میچ بارش سے متاثر ہوا، ایک پوائنٹ ملا جبکہ نیوزی لینڈ سے 89 رنز کی شکست ہوئی ۔

گروپ میچ مکمل ہوئے، پوائنٹ ٹیبل پر 7 ہی پوائنٹس لیکن منفی رن ریٹ پر میزبان بلکہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سیمی فائنل سے آؤٹ ہو گئی۔

میزبان ملک یوں ایونٹ سے باہر ہو جائے، پہلی بار نہیں ہوا، 2007ء کا پہلا ٹی 20 ورلڈکپ جنوبی افریقہ میں ہوا لیکن فائنل میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو ہرایا تھا۔ دو سال بعد بابائے کرکٹ انگلینڈ میں میلہ سجا، پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔

2010ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ویسٹ انڈیز میں ہوا، جہاں انگلینڈ روایتی حریف آسٹریلیا کو ہرا کر پہلی بار چیمپئن بنا۔2012ء کے میگا ایونٹ کا میزبان سری لنکا بنا لیکن میزبان آئی لینڈرز کو ویسٹ انڈیز سے شکست ہو گئی۔

دو سال بعد ٹی 20 ورلڈکپ کا میدان بنگلادیش میں سجا، فائنل میں سری لنکا نے بھارت کوپچھاڑ دیا۔

2016ء کا ٹی ٹوئنٹی میلہ بھارت میں تھا لیکن ٹائٹل مقابلہ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ سے جیتا، دوسری بار چیمپئن بنا۔

گذشتہ سال یو اے ای اور عمان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میزبان بنے لیکن چیمپئنز کا تاج آسٹریلیا کے سر سجا، کینگروز نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو آؤٹ کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں