ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر اہم اجلاس ہوا۔

دوران اجلاس وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ایپلٹ ٹریبونلز ان لینڈ ریونیو کے قیام کے حوالے سے کام کا آغاز ہو چکا ہے، ان ٹریبونلز میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے شفاف تحریری امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے، ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہے، ایف بی آر کے مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا، ٹیکس سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے ان لینڈ ریونیو ایپلٹ ٹریبونلز کیساتھ کسٹمز ایپلٹ ٹریبونلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کیلئے اعزاز دینے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں