بارش کے بعد فیڈرز کی عدم بحالی پر لیسکو کے 3 افسران معطل

لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد فیڈرز کو بروقت بحال نہ کرنے پر لیسکو کے 3 افسران کو معطل کردیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے چیف انجینئر آپریشنز عباس علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معطل ہونیوالوں میں ایس ڈی او جی او آر عثمان قدیر، ایکسین سول لائنز کامران نوید اور ایس ای سنٹرل جمشید زمان شامل ہیں، صارفین کو درپیش مشکلات کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونیوالی بارش کے دوران لیسکو ریجن میں 213 فیڈرز متاثر ہوئے،بارشوں کے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں، مٹیریل کی کمی کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ لیسکو کی تمام سب ڈویژنز میں 4 سے 6ٹرالیاں بمعہ 200کے وی ٹرانسفامرز موجود ہیں، ان ٹرالیوں اور ٹرانسفارمرز کو ایمرجنسی کی صورت میں کہیں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، اس وقت ہائی لاسز فیڈرز کے علاوہ کسی فیڈر پر لوڈ شیڈ نگ نہیں ہورہی۔

انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ کیٹیگری تھری کے 136 فیڈرز پر 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، کیٹیگری فور کے 68 فیڈرز پر 4 گھنٹے جبکہ کیٹیگری فائیو کے42 فیڈرز پر 5 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ لیسکو اپنے صارفین کی آسانی کے لیے ہر 3 گھنٹے کے بعد فیڈرز سے متعلق ڈیٹا اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھی جاری کررہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ گزشتہ 12گھنٹوں کے دوران لیسکو کے 2169 فیڈرز میں سے صرف 73 فیڈرز پر تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی،گزشتہ 12گھنٹوں کے دوران تقریباً 3.50 فیصدسے کم فیڈرز مختلف اوقات میں تکنیکی وجوہات کی بنا پر متاثر ہوئے جنہیں بر وقت ٹھیک کردیا گیا، خراب ہونیوالے فیڈرز کو 25 منٹس سے 6گھنٹے 30منٹ کے دوران بحال کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے پاس ٹرانسفامرز اور ان کے متعلقہ آلات ترجیحی بنیادوں پر دستیاب ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں کم سے کم وقت میں بجلی کی سپلائی بحال کی جاسکے،کمپلینٹ سنٹر اور کمپلینٹ فون نمبرز پر سپیشل ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی صارف کو ان اٹنڈنٹ نہ چھوڑا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں