دہشتگردی پورے ملک کا مسئلہ، ایک صوبے سے جوڑنا مناسب نہیں: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے، ایک صوبے سے جوڑنا مناسب نہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مسائل ہیں، عزم استحکام آپریشن کے حوالے سے کنفیوژن پیدا ہوئی ہے، وزیراعظم نے صرف اعلان کیا ہے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستانی فوج پر بے جا تنقید شروع ہوگئی، قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر بھی تنقید ہوئی، وزیراعلیٰ نے اس پر پارلیمانی اجلاس میں صورتحال کسی حد تک واضح کی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر الزام لگایا گیا، عطا تارڑ نے کل بتا دیا کہ کوئی فیصلہ نہیں ہوا صرف بات چیت ہوئی ہے،ان کا بیان ہمارے موقف کو درست ثابت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں ایپکس کمیٹی میں آپریشن کی کوئی بات نہیں ہوئی، ہمارا صوبہ دہشتگردی کے خلاف 40 سال سے فرنٹ لائن پر ہے، کسی بھی قسم کا آپریشن پارلیمنٹ کی رضامندی کے بغیر نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں بھی ہر آپریشن کی پارلیمنٹ نے اجازت دی ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے صوبے میں آپریشن ہوتا ہے تو صوبائی اسمبلی اجازت دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں