کراچی: ماڑی پور کے قریب بس الٹنے سے 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) ماڑی پور کے قریب بس الٹ گئی، حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق بس میں سوار افراد سیر کیلئے جا رہے تھے کہ کراچی کے علاقے ماڑی پور کے قریب بس کو حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جان سے چلے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے، تین خواتین اور ایک مرد شامل ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

دوسری جانب نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اظہار افسوس
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقہ ماڑی پور میں بس حادثہ میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

کامران ٹیسوری نے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر سندھ نے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس سے بس حادثہ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں