وزیر اعظم نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی میں اصلاحات کیلئے کمیٹی بنا دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کی ازسرِ نو بحالی اور استعداد بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیرِاعظم نے نیکا کی استعداد بڑھانے اور اس میں اصلاحات کیلئے بین الوزارت اسٹیرنگ کمیٹی قائم کر دی جس کی سربراہی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے نیکا میں موجود خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وسائل کا بے دریغ ضیاع ہو رہا تھا اور ادارے بند پڑے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیکا کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی اقدامات کرے، نیکا کی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے شفافیت کے پہلو کو اولین رکھا جائے، ماہرین تعمیراتی، صنعتی، مواصلات، پاور اور زراعت کے شعبے میں توانائی کی بھرپور بچت کیلئے وزارتوں کو لائحہ عمل دیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں