گوگل کا اپنی جدید چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) آن لائن سرچ انجن گوگل نے مائیکرو سافٹ کی معروف چیٹ بوٹ ’’ چیٹ جی پی ٹی‘‘ کے مقابلے کے لیے ’’ بارڈ ‘‘ نامی اپنی جدید چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے اپنی نئی ایپلی کیشن کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے جب مائیکرو سافٹ ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ایونٹ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس سے یہ بات مزید واضح ہو گئی ہے کہ دونوں بڑی کمپنیاں اب ٹیکنالوجی پر ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔

چیٹ جی پی ٹی کو کمپنی ’’ اوپن اے آئی ‘‘ نے تیار کیا ہے جہاں مائیکرو سافٹ کے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے تیار کردہ یہ مقبول ایپلی کیشن انسانوں کی طرح بات کرتے ہوئے کئی زبانوں میں گفتگو میں مہارت رکھتی ہے۔

اس ایپلی کیشن کی بنگ میں شمولیت کے ساتھ ہی توجہ عالمی شہرت یافتہ ایپلی کیشن بنگ پر مرکوز ہو گئی تھی اور یہ قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئی تھیں کہ اب گوگل کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ’بنگ‘ کی شکل میں غیرمعمولی مسابقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت کے بعد گوگل کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی تھی اور اسکی تشویش کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے کئی سال قبل کمپنی چھوڑ کر جانے والے اپنے بانیان سرجی برین اور لیری پیج کو واپس طلب کر لیا تاکہ ان کی مہارت سے استفادہ کیا جا سکے۔ 

رپورٹس میں بتایا گیا کہ بارڈ کو عام صارفین کے استعمال سے قبل ایک ٹیسٹر گروپ استعمال کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں