43 ایم این ایز واپس اسمبلی میں، اپنا اپوزیشن لیڈر سامنے لائیں گے، فواد چودھری

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے 43 ایم این ایز واپس اسمبلی میں آ گئے ہیں، ہم اپنا اپوزیشن لیڈر سامنے لائیں گے۔

 

دنیا نیوز کے پروگرام " دنیا کامران خان کے ساتھ " میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ باقی ممبران کے لیے بھی پٹیشن دائر کریں گے، ہمارے استعفےدینے کا مقصد الیکشن کی طرف جانا تھا، عام الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔

فواد چودھری نے کہا کہ صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ہے، اگر چیف الیکشن کمیشن، صوبائی حکومتیں الیکشن کا اعلان نہیں کرتیں تو آئین کی خلاف ورزی ہو گی، اگر چیف الیکشن کمیشن اعلان نہیں کریں گے تو صدر مملکت اعلان کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ 90 اور کم سے کم 35 دن میں الیکشن ہو سکتے ہیں، ہم تو چاہتے ہیں کہ رمضان سے پہلے الیکشن کرا دیئےجائیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 90 دن سےآگے نہیں جا سکتے، اگر 90 دن سے انتخابات آگے جائیں گے تو مطلب آئین توڑنا ہو گا، آئین توڑنے کی سزا واضح ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں