نیشنل چیلنج کپ 2023 میں مزید 5 میچز کا فیصلہ ہوگیا

اسلام آباد : ( ویب ڈیسک ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے زیراہتمام جاری نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2023 میں مزید پانچ میچز کا فیصلہ ہو گیا، پاکستان ریلوے ، اوٹو کرینز ، واپڈا ، کے آر ایل اور پی اے ایف نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی سمیٹ لی۔

پی ایف ایف کے مطابق بہاولپور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ریلوے نے حسین ٹیکسٹائل کو 0-1 سے شکست دی، میچ کا فیصلہ کن گول دوسرے ہاف میں محمد طلحہ جونیئر نے کیا، فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں اوٹو کرینز نے ماشا یونائیٹڈ کو 1-2 سے ہرایا، اوٹو کرینز کی جانب سے عبدالرحمان اور حسین شاہ نے ایک ،ایک گول کیا، ماشا یونائیٹڈ کے لیے عثمان ایک گول کر سکے۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں واپڈا نے سیف ٹیکسٹائل کو 0-3 سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے عدیل، شائق اور فہیم نے ایک ، ایک گول سکور کیا، راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کے آر ایل نے پاکستان آرمی کو 0-2 سے مات دی، فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول محمد وحید نے کئے جبکہ پشاور میں کھیلے گئے میچ میں پی اے ایف نے بی ایچ سی سی کو0-3 سے ہرایا، فہیم، عیسیٰ اور نائیک عالم نے گول سکور کئے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں