وزیراعظم کا شمسی، حرکی توانائی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنیکا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر شمسی اور ونڈ پاور کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے لائحہ عمل دیں اور شمسی و حرکی توانائی کے منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں انہوں نے شمسی اور ونڈ پاور کے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ شمسی اور ونڈ پاور کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو فروغ دیا جائے، قابلِ تجدید ذرائع سے کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور میں شمسی اور حرکی منصوبوں پر شروع کیے گئے کام کو مکمل نہ کیا، گزشتہ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا خمیازہ پورے 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، شمسی توانائی کی بدولت مہنگے درآمدی ایندھن پر خرچ ہونے والے قیمتی زر مبادلہ کی بچت کی جا سکے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں