شہریوں کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں : وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد : (دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کے لئے نادرا اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن آف پاسپورٹ دفتر اور وسائل شیئر کریں تاکہ قومی خزانے پر کم بوجھ پڑے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین نادرا ، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں ، نادرا کے مراکز میں پاسپورٹ دفتر کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں ، وزیراعظم نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی سروس ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لیے موبائل نادرا وینز کی تعداد فوری بڑھانے کے احکامات بھی دیئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید کی سہولت کے لیے نادرا نئی موبائل فون ایپلی کیشن شروع کر رہا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہر شہری کو اس حوالے سے یکساں سہولیات میسر ہوں۔

وزیراعظم نے احکامات دئیے کہ پاسپورٹ دفاتر کے قیام کےجتنے بھی منصوبے منظور ہو چکے ہیں وہ نادرا کے پہلے سے موجود دفاتر میں قائم ہوں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں