مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کیلئے صوبوں کو فنڈز جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مردم شماری پر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے فوری طور پر فنڈز کے اجراء کا حکم دے دیا۔

ترجمان ادارہ شماریات سرور گوندل کے مطابق 12 ارب روپے کے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا، تمام صوبوں کو مردم شماری کے انتظامات کیلئے فنڈز کی دوسری قسط کا اجراء کیا گیا ہے۔

مردم شماری میں صوبوں کو تین مراحل میں پیسوں کا اجراء کیا گیا جس میں لاجسٹک انتظامات یعنی ہائرنگ آف وہیکلز، ٹریننگ چارجز اور ریمونریشن چارجز کیلئے پیسوں کا اجراء کیا جا رہا ہے۔

اس مد میں صوبہ سندھ کو 92 کروڑ 89 ہزار روپے کا ہائرنگ آف وہیکلز کی مد میں اجراء کیا جا رہا ہے، اسی طرح بلوچستان کو 43 کروڑ روپے کا اجراء، خیبر پختونخوا کو تقریباً 64 کروڑ 24 لاکھ 60 ہزار کا اجراء کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب کو بھی پیر تک 1 ارب 88 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے کا اجراء کر دیا جائے گا۔

مردم شماری کے عمل کی شفافیت اور منظم مانیٹرنگ کیلئے چیف سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مانیٹرنگ ڈیش بورڈز کی رسائی دے دی گئی۔

مانیٹرنگ ڈیش بورڈز کے ذریعے بلاک لیول تک آبادی، گھرانے، جیو ٹیگنگ کے ساتھ کوریج کی کارکردگی اور شمار کنندہ کے کام کی کارکردگی دیکھی جا سکتی ہے جو کہ کسی بھی صورت پہلے ممکن نہ تھی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں