نگران سیٹ اپ گھر جائے گا تو لگ پتا جائے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا بیان جلتی پر پٹرول کا کام کر رہا ہے اور سیکڑوں بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں سے فراری ہے، الیکشن ہی ملک کو خانہ جنگی، انتشار سے بچا سکتا ہے، 90 دن کے بعد نگران سیٹ اپ گھر جائے گا تو لگ پتا جائے گا، انتخاب سے حکومت آئے گی تو باہر سے مدد ملے گی، ورنہ مہنگائی اور قحط مزید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آٹا مفت اور پٹرول سستا سیاسی شعبدہ بازی ہے، رمضان شروع نہیں ہوا اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 3100 روپے کا ہوگیا، عظیم اداروں پر پورا اعتماد ہے، دفاعی اثاثے کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں ایوب خان کو نہ بچا سکیں 13 کے ٹولے کو کیا بچائیں گی۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ زمان پارک پر کوئی احمق ہی چڑھائی اور گرفتاریاں کرسکتا ہے، صرف غریب کا حساب اور احتساب ہو رہا ہے، نہ آئی ایم ایف کی سٹاف لیول میٹنگ ہو رہی ہے نہ دوست ملکوں سے مدد مل رہی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ آج کا اتحادی جماعتوں کا اجلاس انتخاب کروانا ہے یا ملتوی کروانا ہے یہ اس کا امتحان ہے، حالات اتنی تیزی سے بگڑ رہے ہیں کہ آٹے کے ٹرک لوٹے جا رہے ہیں، طبلچی تک تاوان کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں