پی ٹی آئی کارکنوں کی رات گئے گرفتاریاں اور تشدد قابل مذمت ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بغیر وارنٹ گرفتاری اور ان پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رات 12 بجے کے بعد راولپنڈی کی پولیس 70 سے 80 ورکرز کو گرفتار کر کے لے گئی ہے، میں سیاسی ورکرز کو پولیس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ظلم، بربریت اورانتہا پسندی ہے، انہوں نے ہر قیمت پر الیکشن سے فراری کا فیصلہ کر لیا ہے اور تحریک انصاف کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہمارے جذبے بلند ہیں، تمام گرفتاریوں کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ہم کل کے جلسے کو ایک تاریخی جلسہ بنائیں گے، پی ٹی آئی ورکرز اور اپنے لوگوں سے کہوں گا کہ احتیاط برتیں، پاکستان، عمران خان، اثاثوں کے دفاع کیلئے دل اور جان کی بازی لگانے کے لئے تیار ہو جائیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں