پاکستان میں سوئیڈن کا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کیلئے بند ، طلباء پریشان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں سوئیڈن نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سفارتخانہ غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کر نے کا اعلان کر دیا، سفارتخانہ بند ہونے سے اوورسیزپاکستانیوں سمیت پاکستانی طلباء شدید مسائل سے دوچار ہیں۔

سوئیڈن کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ مائیگریشن سیکشن کوئی درخواست نہیں لے رہا، ویزا سروسز عارضی طور پر بند کی جارہی ہیں ، وزیٹرز کیلئے سوئیڈن کا سفارتخانہ اسلام آباد کی صورتحال کے باعث بند کیا گیاہے۔

 پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوئیڈش سفارتخانے کو  پاکستانی طلبا کو درپیش مشکلات بارے آگاہ کیا گیا ہے ۔  

سفارتی ذرائع کے مطابق ہزاروں پاکستانی طلباء فیس اداکرنے کے باوجودسویڈن کے ویزے سے محروم ہیں، سویڈش یونیورسٹیز میں اگست کےآخری ہفتے سے تعلیمی سیشن کاآغازہو رہا ہے جبکہ سویڈن میں ویزے کی درخواست کا عمل4 سے 6 ماہ لیتا ہے۔

ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد طلباء نے سویڈن کی یونیورسٹیوں میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے داخلہ کروا رکھا ہے جبکہ نصف سے زائد طلباء اپنی فیسیں بھی جمع کروا چکے ہیں ۔

سویڈن کی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے طلباء کی بائیومیٹرک، انٹرویو اور فائنل ویزا پراسس کرنے کیلئے سویڈش سفارتخانہ کھلنا انتہائی ضروری ہے۔

دوسری جانب بیرون ممالک پاکستانی اپنی فیملیز کو سویڈن بلوانے سے قاصر ہیں، سویڈن میں مقیم اوورسیز نے پاکستانی سفارتخانے سے رابطوں کی کوشش کی جبکہ طلباء نےسیکرٹری خارجہ اسد مجید خان کے نام ایک خط بھی لکھا ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں