بھارت : نیشنل پارک میں نایاب نسل کے چیتے کے بچے ہلاک

نیو دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے نیشنل پارک میں نایاب نسل کے چیتے کے دو بچے ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرے بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے نیشنل پارک میں منگل کے روز بھی اسی نسل کا ایک بچہ ہلاک ہوگیا تھا۔

بھارت میں 70 سال سے زائد عرصے میں پہلی باراس نایاب نسل کے چیتے کے بچے پیدا ہوئے تھے۔

گزشتہ برس جنوبی افریقا کے ملک نمیبیا سے نایاب نسل کی مادہ چیتا کو بھارت منتقل کیا گیا تھا جس نے مارچ میں تین بچوں کو جنم دیا تھا۔

اس حوالے سے نیشنل پارک کے حکام کا کہنا تھا کہ جنم دینے کےبعد ماں اورتین بچوں کو نگرانی میں رکھا گیا تھا لیکن پارک میں درجہ حرارت تقریباً 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا اور بچوں کی حالت معمول کے مطابق نہیں لگ رہی تھی ۔

نیشنل پارک حکام کاکہنا تھا کہ یہ بچے کمزور، کم وزن اور پانی کی کمی کے شکار تھے، حکام کی جانب سے بچوں کو بچانے کے لیے کیے گئے اقدامات کے باوجود 25 مئی کو 2 بچوں کی موت ہوگئی جبکہ تیسرے بچے کی حالت تشویش ناک ہے اور اس کا علاج کیا جارہاہے۔

1952 میں بھارتی حکومت نے باضابطہ طور پر چیتے کو معدوم قراردیا تھا، جس کے بعد گزشتہ سال معدوم ہونے والے جانوروں کو واپس لانے کی کوششیں کی گئی تھیں۔

ملک میں نایاب چیتے کو لانے  کے اس اقدام کا عوام اور جنگلی حیات کے ماہرین نے خیر مقدم کیا تھا لیکن کچھ ماہرین نے ممکنہ خطرات سے متعلق خبردار بھی کیا تھا۔

ستمبر 2022 میں 8 چیتوں کو نمیبیا سے بھارت لایا گیا تھا جبکہ فروری 2023 میں جنوبی افریقا سے 12 چیتے بھارت لائے گئے ، ان میں سے 3 چیتے گزشتہ دو ماہ میں مر چکے ہیں، حال ہی میں مزید 3 بچوں کی موت کے بعد یہ تعداد 6 ہوگئی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی سپریم کورٹ نے چیتوں کی اموات پر اظہارتشویش کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ وہ جانوروں کو کسی متبادل جگہ پر منتقل کرنے پر غور کریں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں