مردان: شہید سپاہی ثاقب الرحمان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

مردان: (دنیا نیوز) انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی ثاقب الرحمان کو آبائی علاقے میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ثاقب الرحمان کی نماز جنازہ میں حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران، سپاہیوں، سول و سرکاری افسران، شہید کے لواحقین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ثاقب الرحمان نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے کے دوران بہادری سے مقابلہ کیا اور پولیو ٹیم کو بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، سپاہی ثاقب الرحمان نے اپنی جان کی قربانی دے کر پولیو ٹیم کے تمام ارکان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمنوں کے مذموم عزائم کے خلاف پرعزم ہیں، دہشتگرد محنت سے حاصل کیے گئے امن کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کو مزید مضبوط کریں گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں