بنوں: دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

بنوں: (دنیا نیوز) بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا جس کا جوانوں نے بھرپور جواب دیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ اور حوالدار محمد انور جام شہادت نوش کر گئے، فوجی جوانوں نے دو دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کر دیا۔

شہید ہونے والوں میں 40 سالہ نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ اور 41 سالہ حوالدار محمد انور شامل ہیں، شہید غلام مرتضیٰ کا تعلق بہاولپور جبکہ حوالدار محمد انور کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں