چاہے 100 کیس بنا لیں، میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہوں گا: چودھری پرویز الہٰی

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ان کو تین تین بار حکومتیں ملیں، پی ڈی ایم ایک ناکام شعبہ ہے، کبھی کوئی شوشہ چھوڑ رہے ہیں اور کبھی کچھ کر رہے ہیں۔

کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ میری تمام ادویات بند کی ہوئی ہیں، مجھے سونے بھی نہیں دیتے، پی ڈی ایم کے پاس بیچنے کیلئے کچھ نہیں ہے، کوئی بھی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے پورا کیا، مہنگائی کی وجہ سے کسی کو کچھ نہیں مل رہا، زرداری صاحب جہانگیر ترین کا بچا کھچا مال بھی لے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ: 2 مقدمات سے بری ہونے کے بعد چودھری پرویز الہٰی پھر گرفتار

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں غلط فہمی ہے، آنے والے وقت میں پنجاب صرف پی ٹی آئی کا ہے، میرے گھر کا بچہ بچہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے، یہی وقت ہے جب کوئی کسی کا ساتھ دیتا ہے، مشکل می‍ں جو پیچھے ہٹتا ہے وہ کوئی انسان ہے، میری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے اور میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرے خلاف چاہے 100 کیس بھی بنا لیں، ہمیں کوئی فریق نہیں پڑتا، پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا، تحریک انصاف کو میرا پیغام ہے، دلیری کے ساتھ مقابلہ کریں، حق اور سچ کی لڑائی میں ڈٹ کر کھڑے رہیں، جتنے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں سب ناکام ہو جائیں گے۔ 

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ میرے خلاف اصل کارروائی کرنے والوں کو پیغام ہے کہ ہم فوج کے خلاف نہیں، ساتھ بیٹھیں اور بتائیں ملک کو آگے کیسے لے کر جانا ہے، فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، اکھٹے ملک کی ترقی کیلئے کام کریں گے، فوج کو نقصان پہنچانے والوں سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں