غیر قانونی بھرتیاں کیس: اینٹی کرپشن پرویز الہٰی کیخلاف مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کر سکا

لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی اور رائے ممتاز کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

سپیشل جج اینٹی کرپشن علی رضا اعوان نے درخواست کی سماعت کی، اس دوران چودھری پرویز الہٰی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے جبکہ پراسیکیوشن آج بھی مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کر سکی، اینٹی کرپشن کی جانب سے جزوی ریکارڈ پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی کو جیل میں علاج کی سہولت نہ دینے پر سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کوئٹہ گیا ہوا تھا وہ واپس آ رہا ہے اور راستے میں ہے، پراسیکیوشن نے مکمل ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت مانگی جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے چودھری پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ میں رد و بدل کر کے بھرتیوں کا الزام ہے، انہوں نے تحریری امتحان میں فیل 12 امیدواروں گریڈ 17 کی ملازمت دی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں