اسٹیبلشمنٹ سے کیا ڈیل کرنی؟ نوازشریف 21 اکتوبر کو اپنا ایجنڈا دیں گے: محمد زبیر

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے کیا ڈیل کرنی ہے؟ نوازشریف 21 اکتوبر کو اپنا ایجنڈا دیں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) محمد زبیر نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز کی خواہش ہے سندھ کے لاکھوں ورکرز استقبال کے لئے اپنا حصہ ڈالیں، اس حوالے سے ہماری پہلی میٹنگ ہوئی، نوازشریف چارسال بعد واپس آرہے ہیں، نوازشریف الیکشن مہم کو لیڈ کرنے کے لیے آرہے ہیں۔

سندھ کی 30 ڈسٹرکٹ کے تمام نمائندوں کو متحرک کریں گے، اندرون سندھ، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ سمیت سب جگہ جائیں گے، سندھ کے ورکرز کو کیسے لاہور لیجانا ہے انتظامات کر رہے ہیں، نوازشریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، 21 اکتوبر کو کسی کو شک نہیں رہے گا کہ نوازشریف سب سے مقبول لیڈرہیں۔

محمد زبیر نے کہا 21اکتوبر(ن) لیگ کے لئے بہت بڑا دن ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، ملکی و انٹرنیشنل میڈیا تاریخی استقبال کی گواہی دے گا، نوازشریف تین بار وزیراعظم بنے، تینوں بار انہیں نکال دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا ہم نے جنرل (ر) باجوہ، جنرل (ر) فیض کی بات نہیں کی، نوازشریف 21 اکتوبر کی شام کو اپنا ایجنڈا دیں گے، ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے کیا ڈیل کرنی ہے، لیکن ہم نے کسی سے لڑائی بھی نہیں کرنی، ہم الیکشن میں فری اینڈ فیئرماحول چاہتے ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، اگرعوام ساتھ نہ ہو تو پھرادھر، ادھربھاگیں گے، ہمیں ادھر، ادھربھاگنے کی ضرورت نہیں۔

محمد زبیر نے کہا شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل تاحال (ن) لیگ کا حصہ ہیں، سندھ میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، گزشتہ 16 ماہ کی حکومت میں پیپلزپارٹی ہماری اتحادی تھی، سندھ میں پیپلزپارٹی فیل ہوئی اب ہم بھرپورمقابلہ کرینگے، چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو ہم نے آئینی طریقے سے گرایا، عدم اعتماد کے لئے ہم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کیا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں