شہبازشریف کا ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا، بے گناہ محمد نوازشریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا، الحمدللہ! قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی : شہبازشریف

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ قید خانے، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیا گیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی، الحمدللہ! اپنے قائد محمد نواز شریف کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیٹی مریم نوازشریف کو مبارک دیتا ہوں جس نے ہمت، صبر اور بے مثال جرات و بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا، پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارک دیتا ہوں جنہیں ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین تھا، پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جس بہادری سے اپنے قائد کا ساتھ دیا اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: عوام دو تہائی اکثریت دے مہنگائی کی کمر توڑ دیں گے: شہباز شریف

شہازشریف نے کہا کہ اپنے بہادر قائد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں بھی کبھی ہمت نہیں ہاری، قائد نوازشریف کے اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے اور ثابت قدمی سے سیاسی انتقام لینے والوں کے پاؤں اکھڑ گئے، عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں