پی ایس ایل 9: شیڈول کا اعلان 13 دسمبر کو کیے جانے کا امکان
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان 13 دسمبر کو کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 9 کے میچز چار وینیوز پر کروائے جانے کا امکان ہے، پاکستان سپر لیگ 9 کا ڈرافٹ بھی 13 دسمبر کو لاہور میں شیڈول ہے، ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی چار وینیوز پر میچز کروانے کے حق میں ہے، ان وینیوز میں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں، کراچی میں 11، لاہور میں 9، ملتان میں 5 اور راولپنڈی میں 9 میچز تجویز کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ 2 وینیوز کا شیڈول پہلے ہی فرنچائزز کو بھجوایا جاچکا ہے، 17 فروری کو لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے لاہور میں میچ رکھا گیا ہے۔
ملتان میں 18 فروری کو ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ رکھا گیا ہے۔ کراچی میں پہلا میچ 28 فروری کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان تجویز کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ یکم مارچ کو تجویز کیا گیا ہے جبکہ پلے آف کے تین میچز اور فائنل کراچی میں تجویز کیے گئے ہیں، پی ایس ایل 9 کا فائنل 17 مارچ کو رکھا گیا ہے۔