نیوٹیک نے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو ہنر مندی کی تربیت فراہم کی: مدد علی سندھی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ نیوٹیک نے گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو ہنر مندی کی تربیت فراہم کی ہے، نیوٹیک نے خواتین کا کوٹہ بڑھا کر 40 فیصد کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہنرمند افراد ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور فنی تربیت کا فروغ بے روزگاری کے خاتمہ کا باعث بنے گا، نیوٹیک نے پنجاب میں تقریباً 58 ہزار، سندھ میں 38 ہزار، بلوچستان میں 13 ہزار اور کے پی کے میں 3 ہزار افراد کو تربیت دی ہے۔
مدد علی سندھی نے کہا کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے بھی تقریباً 3 ہزار افراد کو تربیت دی گئی، انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا گیا، پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں اسی لئے خواتین کا کوٹہ 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2024ء میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو 3 سے 6 ماہ کی ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی، 160 معذور شہری اور تقریباً 2 ہزار خواجہ سراؤں نے بھی رجسٹریشن کرائی ہے، طلبہ کو ہنر کی تربیت دینے کے لئے 6 ہزار سے زائد اداروں نے نیوٹیک کے ساتھ رجسٹریشن کرائی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments