سراج الحق کا فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج مرتب کرنے کا مطالبہ

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج مرتب کئے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں جو جیت رہا تھا اسے جیتنے دیا جاتا، ایم کیو ایم کو حلقوں میں چار پانچ ہزار ووٹ بھی نہیں ملے مگر وہ وزارتیں مانگ رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ دو تین سال جائز و ناجائز کے چکر میں نہ گزاریں بلکہ فارم 45 کے مطابق نتیجہ بنائیں، چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، سپریم کورٹ کمیشن بنائے جس میں سیاسی قیادت بھی شامل ہو۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مل چکا ہوں، وہ متناسب نمائندگی پر اتفاق کرتی ہیں، متناسب نمائندگی وقت کی ضرورت ہے، میں دھاندلی کے تمام متاثرین سے رابطے کروں گا، دھاندلی سے متاثرہ تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے عام انتخابات کے لئے متفقہ الیکشن کا طریقہ کار تیار کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کو قائل کروں گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں