کراچی کو ڈکیتوں کے حوالے کر دیا، حکومت ہونے کے باوجود حکومتی رٹ قائم نہیں: عبدالرشید

کراچی: (دنیا نیوز) سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ڈکیتوں کے حوالے کر دیا گیا۔

سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کراچی پریس کلب میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ڈکیتوں کے حوالے کردیا گیا ہے، حکومت ہونے کے باوجود حکومت کی رٹ قائم نہیں ہے، سندھ حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگ 13 سالوں سے سندھ پر مسلط ہیں۔

سیدعبدالرشید نے کہا کہ سندھ حکومت 13 سال میں کراچی میں سیف سٹی پروگرام مکمل نہیں کرسکی، پیپلزپارٹی سندھ پر مسلسل 3 بار حکومت کرتی رہی اس کے باوجود کراچی سے چوروں اور ڈکیتوں کا صفایا نہیں کرسکی، سندھ میں موجود حکومت نے پہلے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور پھر کراچی کو ڈکیتوں کے حوالے کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ بتائیں کہ کراچی میں پولیس کا محکمہ کیا کررہا ہے؟ 3 ماہ میں 35 ہزار سے زائد جرائم کی رپورٹیں درج کروائی گئی ہیں، کراچی میں امن و امان قائم کرنا حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کراچی سے ڈاکو راج ختم کریں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں