ایران پراسرائیلی حملہ ، وائٹ ہاؤس کا تبصرے سے گریز

واشنگٹن : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر اسرائیل کے حملے پر تبصرے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے متعلق فی الحال بیان نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اس تنازع کو بڑھتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا، کشیدگی میں کمی کیلئے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی خبروں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ’کسی بھی جارحانہ کارروائی میں ملوث نہیں‘ ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل حملوں کے بعد امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی میڈیا کو بتایا تھا کہ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے کے منصوبے سے متعلق پیشگی وارننگ دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے ایران پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد ایران کا فضائی دفاعی میزائل نظام فعال ہوا اور دفاعی نظام نے اصفہان فوجی اڈے پر داغے گئے تینوں ڈرون کو تباہ کردیا۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں انتقامی کارروائیوں کو روکنے کا وقت ہے ، جبکہ یورپی یونین نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں