پاکستان ویمنز کا انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی مایوس کن آغاز

ڈربی: (دنیا نیوز) انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی ہے۔

انگلینڈ کے شہر ڈربی میں ہونیوالے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے، ایلس کیپسی 44 اور ایمی جونز 37 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے 3، ناشرہ سندھو، عالیہ ریاض اور ام ہانی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم 50 اوورز میں صرف 206 رنز ہی بنا پائی، پاکستان کی جانب سے منیبہ علی 34 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہی، صدف شمس نے 28 اور کپتان ندا ڈار نے 26 رنز کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں، پاکستان کیخلاف پہلی کامیابی کے بعد انگلینڈ ویمنز ٹیم کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں