حارث رؤف اور فین میں تلخ کلامی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا کے شہر فلوریڈا میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور فین کے درمیان مبینہ طور پر فوٹو لینے پر تکرار ہوئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں سفر تمام ہونے کے بعد قومی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، کچھ کھلاڑیوں نے چند روز مزید امریکا میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حارث رؤف اپنی اہلیہ کے ساتھ ہوٹل کی طرف جا رہے تھے اس موقع پر فین کے ساتھ سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا، فین نے مبینہ طور پر حارث رؤف کو گالی دی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف فین کو مارنے کیلئے آگے دوڑتے ہیں اور انکی اہلیہ انہیں روکنے کی کوشش کرتی ہے، اس دوران حارث رؤف نے فین کو گھٹیا بھی کہا، یہ واقعہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پیش آیا۔

دوسری جانب فین نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ میں نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو صرف ایک تصویر لینے کیلئے کہا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں