عمر ایوب سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

عمر ایوب نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خط ٹوئٹ کر دیا جبکہ انہوں نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سےبھی استعفیٰ دے دیا، انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام خط بھی تحریر کیا۔

عمر ایوب نے خط میں کہا کہ مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینا باعث اعزاز رہا، بےحد مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات کا موقع دیا گیا۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ قبول کرنے پر بانی پی ٹی آئی کا شکرگزار ہوں، میں نے استعفیٰ 22 جون کو بانی اور چیئرمین بیرسٹر گوہر علی کو بھیجا تھا، شبلی فراز صاحب نے بانی کو آج جیل میں ملاقات کے دوران میرا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرپارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں مزید تبدیلیاں کی جائیں گی، پی ٹی آئی فیملی ممبران، ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے بانی اور پارٹی کیلئے انتھک محنت اور بہادری سے کام کیا۔

عمر ایوب کا خط میں مزید کہا کہ میں نے بہت مشکل وقتوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی اور آپ کی متحرک قیادت میں بہت کچھ سیکھا، پی ٹی آئی ٹیم کام کرنے کے لیے بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور ہر شخص پی ٹی آئی اور پاکستان کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔

پی ٹی آئی کے اہل خانہ نے گزشتہ 2 سالوں میں بے پناہ مشکلات برداشت کیں لیکن وہ جھک نہیں پائے، انہوں نے جسمانی اذیتیں اور مالی مشکلات برداشت کیں لیکن پی ٹی آئی کے  حقیقی آزادی  اور  قانون کی حکمرانی  کے نظریے پر قائم رہے۔

ممبر قومی اسمبلی نے خط کے آخر میں کہا کہ میں سینیٹر شبلی فراز صاحب، کور کمیٹی کے اراکین، پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کے عملے اور تنظیم کے اراکین کی جانب سے خاص طور پر اس زبردست تعاون کا اعتراف کرنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آئے تھے اور 21 ارکان قومی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں