ملک میں جمہوریت کا قتل ہورہا، آئینی حقوق پامال کئے جارہے ہیں: فردوس شمیم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا قتل ہورہا، آئینی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، ترنول میں پر امن جلسہ ہوگا، فوج، پولیس اور رینجرز کو پھول پیش کریں گے، یہ جلسہ تحریک انصاف کا نہیں بلکہ ہمارے اتحاد کا ہے۔

فردوس شمیم نے مزید کہا کہ اس جلسے میں ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل بھی شامل ہے، ہم تمام چیزیں معاف کر سکتے ہیں لیکن آئین توڑنے والے کو معاف نہیں کیا جائے گا، جمہوریت قتل ہورہی ہے، آئینی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔

عامر مغل نے کہا کہ ہم سے جلسہ کرنے کا آئینی حق چھینا جارہا ہے، ہم گزشتہ تین ماہ سے اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، پریس کلب کے باہر ہم نے احتجاج کیا، ہمیں پرامن احتجاج کرنے پر گرفتار کرکے دہشتگردی کے مقدمات درج کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 21 تاریخ کو پرامن احتجاج دوبارہ کیا، وہاں بھی ہم پر دہشتگردی کا پرچہ درج ہوا، حق رائے دہی کی آواز کو دبایا جارہا ہے، رمضان میں ہم نے 23 مارچ یا 29 مارچ کو جلسہ کرنے کی درخواست دی، یہ معاملے کو ہائی کورٹ لے کر گئے۔

عامر مغل کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا رمضان کے 27 ویں شب کو جلسہ کریں ہم نے انکار کر دیا، روات میں جلسہ کرنے کا کہا مگر وہ جگہ ٹھیک نہیں تھی وہاں سڑک کی مرمت کا کام جاری تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں