علی امین گنڈا پور کی سی آر بی سی مین کنال کو صوبائی حکومت کو دینے بارے تجاویز تیار کرنیکی ہدایت

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کا اجلاس ہوا۔

صوبائی وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی کے علاوہ محکمہ آبپاشی اور واپڈا کے متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سی آر بی سی مین کینال کو واپڈا سے صوبائی حکومت کے حوالے کرنے سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں قابل عمل تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ نے سی آر بی سی کو سیلابوں سے محفوظ بنانے کے لئے پروٹیکشن ورک کا ٹینڈر جلد از جلد جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سی آر بی سی کو سیلابوں سے محفوظ بنانے کے لیے پروٹیکشن ورک ضروری ہے، صوبائی حکومت پروٹیکشن ورک کے لئے 62 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے چکی ہے، وزیراعلیٰ نے سی آر بی سی مین کینال کی بحالی اور بھل صفائی کے لئے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے درجات تمام فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی، اجلاس کو تکمیل کے قریب سمال ڈیمز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کرک میں لتمبر ڈیم پر سول ورک سو فیصد مکمل ہو گیا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جڑوبہ ڈیم نوشہرہ پر 96 فیصد کام مکمل کر لیا گیا، پیزو ڈیم لکی مروت، مخ بانڈہ اور ضمیر گل ڈیم کوہاٹ پر بھی خاطر خواہ پیشرفت ہے، وزیراعلیٰ نے تکمیل کے قریب ڈیموں کے لیے تمام فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے، اس مقصد کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں