ہونہار پاکستانی طالبعلم نے ملک کی پہلی ہائبرڈ جیپ تیار کر لی

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ہونہار طالبعلم نے ملک کی پہلی ہائبرڈ جیپ تیار کر لی ہے۔

پشاور انجینئرنگ یونیورسٹی کے ہونہار طالبعلم حسن خان کی اپنی مدد آپ کے تحت تیار کی گئی اس جیپ کو بجلی اور پٹرول دونوں پر چلایا جا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں حسن خان نے بتایا کہ انہوں نے جیپ میں 2.2 کلو واٹ کی الیکٹرک موٹر اور 2 ہزار سی سی کا انجن لگایا ہے، الیکٹرک موڈ پر ایک چارج پر 60 کلومیٹر تک چلے گی اور ایک چارج تین سے چار گھنٹے میں ہوجاتا ہے۔

اس کے علاوہ طویل ڈرائیو پر جاتے ہیں تو 60 کلومیٹر کے بعد اس کا آٹومیٹک انجن سٹارٹ ہو جائے گا اور 35 سے 40 کلومیٹر تک وہ چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں بجلی، سولر اور پٹرول تینوں سہولتیں رکھی گئی ہیں، بیٹری مکمل چارج ہونے میں تین سے چار یونٹ بجلی کے خرچ ہوتے ہیں لیکن اگر اسے دھوپ میں کھڑا کر دیں تو شمسی توانائی کی مدد سے بغیر بجلی بھی چارج ہو سکتی ہے۔

حسن خان نے بتایا کہ انہیں جیپ بنانے کا خیال اسی لئے آیا کہ انہیں جیپ ریلی میں شرکت کا شوق ہے اور وہ مستقبل میں اس کو اپنے شوق کیلئے بھی استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں