پی ٹی آئی پر پابندی لگانا حکومت کی خواہش، مگر یہ ان کے بس کی بات نہیں: اسد قیصر

صوابی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانا حکومت کی خواہشات ہو سکتی ہے مگر یہ ان کے بس کی بات نہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ 2024ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ن بری طرح ہار گئی، مسلم لیگ ن نے اس الیکشن میں ٹوٹل 17 سیٹیں لی تھی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز کے خلاف پورا کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، ہمارے ایم این ایز کو ڈرایا جا رہا ہے، دھمکیاں مل رہی ہیں، آفرز مل رہی ہیں، ملک میں اس وقت انارکی ہی انارکی ہے، پارلیمنٹ ہمارا ڈیبیٹنگ کلب بن گیا ہے، پارلیمنٹ میں صرف باتیں ہی باتیں ہیں۔

سابق سپیکر نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی باتوں کو کوئی سنجیدگی سے لیتا ہی نہیں ہے، پارلیمنٹ بے توقیر ہو گئی ہے، آئین بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے، اگر آپ پارلیمنٹ کے اختیارات بھی ہم سے چھین رہے ہیں تو ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتا تھا ووٹ کو عزت دو، جتنا نوازشریف نے ووٹ کو بے عزت کیا یہ تاریخ کا حصہ ہے، مسلم لیگ ن کی پارٹی کا نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا، بہت برا حال کر دیا ہے اس ملک کا، مسلم لیگ ن چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگے لیکن اصل میں عوام نے ان پر پابندی لگا دی ہے۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو اللہ نے عزت دی ہے، پوری دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہے، عوام ان کے ساتھ ہے، میں گارنٹی سے کہتا ہوں کہ آئندہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہو گا اور نہ کوئی نام لینے والا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے ہم پورے ملک میں کریں گے لیکن این او سی کے بغیر نہیں کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں