فضل الرحمان سے حماس رہنما خالد مشعل کی ملاقات، اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر تعزیت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنما خالد مشعل سے ملاقات ہوئی، جمعیت علماء اسلام اور پاکستان کے عوام کی جانب سے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر اظہارتعزیت کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے شہدائےغزہ کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی، سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر اسرائیل کے خلاف بھرپور مظاہرے کئے گئے، جے یو آئی ممبران نے قومی اسمبلی، سینیٹ، کے پی اور بلوچستان اسمبلی میں قراردادیں بھی پیش کیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شہید اسماعیل ہانیہ کے لئے ملک بھر کی مساجد اور مدارس میں قرآن خوانی بھی کی گئی، شہید اسماعیل ہانیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، مرحوم کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام افسردہ ہے، مسجد اقصیٰ کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرانا مسلمانوں پر فرض ہے، حماس رہنماؤں کے حوصلے بہت بلند ہیں، فلسطینی عوام اورامت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جے یوآئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہے، دعا ہے کہ اللہ کریم مرحوم کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کو اپنے شایان شان جزا عطا فرمائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں