فلسطینیوں کے حوصلے بلند، اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے نیا جذبہ پیدا ہوا: حافظ نعیم

راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات کی تو ان کے حوصلے بلند تھے، حق کے راستے میں قربانی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے، اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے امت مسلمہ میں نیا جذبہ پیدا ہوگیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کے صاحبزادے سے ملاقات کی، ان کا بھی حوصلہ بلند تھا، فلسطینیوں کے حوصلے پہاڑوں کی طرح مضبوط ہیں، نیتن یاہو یا کوئی اور ان چٹانوں سے ٹکرا نہیں سکتا، طوفان الاقصیٰ میں حماس نے عملاً اسرائیل کو شکست دیدی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہوگا ، جماعت اسلامی کا دوٹوک اعلان

امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے ملکوں کے رہنماؤں کو میں نے وہاں دیکھا، میں قطر میں پاکستان کے وزیر خارجہ اور سفیر کو تلاش کرتا رہا لیکن نہیں ملے، وزیراعظم کو اسماعیل ہانیہ کی جنازے میں شریک ہونا چاہئے تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومتیں امریکہ سے خوف کھاتی ہیں، یہ حکومتیں سمجھتی ہیں کہ اگر ہم نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف آواز اٹھائی تو حکومت چلی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ نے اعلان کیا تھا کہ اسیران کا دن منایا جائے گا، ہم اس پیغام کے تحت اسیران کا دن منا رہے ہیں، پانچ اگست کو ہم کشمیر کا دن منائیں گے، ہم امت کا تصور رکھتے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں