'اپنی چھت، اپنا گھر' پراجیکٹ کے تین ماڈلز کی اصولی منظوری
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 'اپنی چھت، اپنا گھر' پراجیکٹ کے تین ماڈلز کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھے، اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کیلئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا، خواہشمند افراد گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، پروگرام کے فارمز ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ایک تا پانچ مرلہ تک کے پلاٹ مالکان گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گھر کے مالکان کو آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی، سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور ہوگیا جبکہ فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ نجی سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر "پھاٹا" کے الاٹیز کو ملیں گے، پھاٹا کے الاٹی نجی سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کی اقساط ادا کریں گے، حکومت پنجاب نجی ہاؤسنگ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کیلئے سبسڈی دے گی۔
اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ کسی بھی شہر یا گاؤں میں 70 ہزار پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے، پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالک کو گھر بنانے کیلئے بلا سود قرض ملے گا۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے"اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کے تین ماڈلز کی اصولی منظوری دے دی، وزیر اعلیٰ نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے بھی روک دیا، مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
"اپنی چھت، اپنا گھر"پروگرام کے پائلٹ پروگرام کے طور پر ماڈل گھر تیار کر لئے گئے، مریم نواز نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کرانے کا بھی حکم دے دیا۔