علی امین گنڈا پور کا حکومتی احکامات ماننے سے انکار، کارکنوں کو کل جلسہ گاہ پہنچنے کی کال دیدی

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کل پورے پاکستان سے کارکن ترنول چوک پہنچ جائیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ترنول جلسہ سے متعلق کہاکہ جلسہ کیلئے عدالت سے ملنے والی این او سی کو کمشنر نے کینسل کیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے فسطائیت، جبر اور غیرقانونی اقدامات کا سلسلہ شروع ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم اس کی بھرپورمذمت کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کل 3 بجے تک صوابی انٹر چینج تک پہنچ جائیں، ہم ہرصورت میں جلسہ کریں گے، اگر یہ عدالتوں کو نہیں مانتے تو کل کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے یا ان مینڈٹ چوروں کی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ کل فیصلہ کن مرحلہ ہے کہ قوم بانی پی ٹی آئی عمران کے ساتھ کھڑی ہے، قوم حق، آئین اور آزادی کیلئے کھڑی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں