خاتون کو مائیکروچپ کی مدد سے11سال بعد پالتو بلا مل گیا

کیرولائینا:(ویب ڈیسک ) امریکی خاتون کومائیکرو چپ کی مدد سےایک دہائی بعد پالتو بلا مل گیا۔

امریکی ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولائینا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے گیارہ سال پہلے اپنا بلا کھو دیا تھا جس کے بعد سے وہ کسی اور بلے کو گود نہیں لے سکیں۔

جینیفر ریوینل نامی خاتون نےامریکی میڈیا کو بتایا کہ وہ کبھی بھی اپنے بلے سیم کو بھلا نہیں سکیں جسے انہوں نے کئی سال پہلے ایک درخت کی شاخ سے لٹکے ہوئے ریسکیو کیا تھا،لیکن اب گیارہ سال بعد سیم اپنی مالکن کی گود میں واپس آ گیا ہے اور اس کی وجہ وہ مائیکروچپ ہے جو بلے کی شناخت کے لیے اس پر لگائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ جنوبی کیرولائینا کا چارلسٹن کاؤنٹی اینیمل کنٹرول سیم کا پتا لگانے میں کامیاب ہو گئے، اینیمل کنٹرول سینٹر نے سیم کو جینیفر ریوینل کے گھر سے ایک میل دور دیکھا اور اس کو پکڑ کر لے گئے،بلے کا مائیکروچپ سکین کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ سیم ہی ہے اور ساتھ ہی مجھے یہ خوشخبری سنائی۔

جنیفر کا مزید کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر پہلے تو انہیں لگا کہ ان کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں لیکن ان کے خیال میں بلے کا مل جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں