ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید کا معاملہ لٹک گیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید نہ ہونے سے سروس کوالٹی، بزنس آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

پی ٹی آئی دستاویر کے مطابق ایل ڈی آئی لائسنسوں کی عدم تجدید سے 50 فیصد موبائل ٹریفک متاثر ہوگی، کئی موبائل ٹاورز آؤٹ آف سروس ہوجائیں گے، دس فیصد انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوگی، ملک میں 40 فیصد اے ٹی ایمز کا کام کرنا چھوڑنے کا امکان ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ لائسنسوں کی تجدید نہ ہونے سے پاکستان کی طرف آنے والی عالمی ٹریفک متاثر ہوسکتی ہے، سروس دیگر آپریٹرز پر شفٹ کرنے سے عالمی کمیونیکیشن متاثر ہوسکتی ہے، ٹیلی کام کمپنیوں اور وزارت آئی ٹی کے درمیان بقایا جات کے معاملے پر تنازع ہے۔

دوسری جانب وزارت آئی ٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی بھی بقایا جات کی وصولی کا فارمولا طے نہیں کرسکی، پی ٹی اے نے لائسنس کی تجدید کے لیے بقایا جات کی ادائیگی کی شرط رکھی ہے، تین سے چار ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس کی معیاد ختم ہوچکی ہے، کچھ ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس کی معیاد آنے والے ماہ میں ختم ہوگی۔

خیال رہے کمپنیوں نے سروسز جاری رکھنے کیلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں